بدھ، 3 مئی، 2023

بلدیہ ٹاون میں تجاوزا ت کی بھرمار، ڈائریکٹر تجاوزات نے بھتوں کے عوض چپ سادھ لی

0 Comments






            
      
          کراچی(رپورٹ/ عبدالہادی اعوان) سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ضلع کیماڑی میں تجاوزات کا سلسلہ نہ رک سکا،لاکھوں روپے رشوت کے عوض بلدیہ ٹاون میں تجاوزات اور پتھارے داروں کی بھرمار ، علاقے کی مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر، فٹ پاتھوں پردکانداروں نے سامان رکھ کر شہریوں کی گزرگاہیں بند کردیں، راہ گیر سڑکوں پرچلنے پر مجبور ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر ایڈمنسٹر یٹر ضلعی میونسپل کارپوریشن کیماڑی پیر شوکت علی شاہ کی ہدایت پر میونسپل کمشنر سالک نظیر بھٹو کے لاڈلے ڈائریکٹر محمد جوا د خان کی نگرانی میں تجاوزات کیخلاف شروع کیا جانے والا آپریشن محض دعووں اور فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گیا۔

 بلدیہ ٹاون کی حدود میںقائم تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری کارروائیاں ناکام ہوگئیں۔واضح رہے کہ محمد جواد خان 2009 میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایک جونیئر کلرک بھرتی ہوئے تھے جو دو ماہ بعد ہی ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکشن سائٹ زون بنا دیے گئے۔ اب میونسپل کمشنر کیماڑی سالک نظیر بھٹو نے بہت زیادہ مہربان ہوتے ہوئے ڈائریکٹر لینڈ کا عہدہ بھی نوازدیا ہے۔ ضلع کیماڑی میں تقریبا 50 ہزار سے زائد پتھارے دار بتائے جاتے ہیں، مبینہ طو رپربھاری رشوت وصول کرکے تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دے دی گئی ۔

 ذرائع کے مطابق فی پتھارے دار ہفتہ 2000 سے 3000 روپے بھتہ دیتا ہے جس کے بعد جس کا حصہ اعلیٰ افسران تک پہنچایا جاتا ہے۔ بھاری بھتوں کے عوض ضلعی انتظامیہ نے ریستوران،ہوٹل، پتھاریداروں اور دکانداروں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ سعیدا ٓبا د چاندنی چوک تا پرانا نادرا ا ٓفس ، نئی آباد ی سے اتحاد ٹاون جاتے ہوئے اور مرکزی شاہراہ سے داود گوٹھ جاتے ہوئے، رشیدا ٓباد سے لیبر اسکوائر جانے والی مرکزی شاہراہ پردرجنوں ٹھیلے اور پتھارے لگے ہوئے ہیں، جن کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا ہے۔

 پتھاروں کی موجودگی محکمے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ۔سروے کے دوران دیکھا گیا ہے کہ متعدد دکانداروں نے اپنی دکانوں کا سامان فٹ پاتھوں پر رکھا ہو ا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کا پیدل سفر کرنا بھی محال ہوگیا ہے۔غیر قانونی لگائے گئے پان کے کیبن، برگرو جوس پوائنٹس، فروٹ و سبزی کے ٹھیلے، مشروب ، کپڑے ،ریستوران سمیت دیگر دکانوں کے باہر سجے ٹیبل کرسیاں شہریوں کو شدید مشکلات کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے دعووں کا بھی منہ چڑھارہے ہیں ۔

سروے کے دوران بتایا گیا کہ ڈی ایم سی کے ساتھ ساتھ متعلقہ تھانوں کے پولیس اہلکار بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مصطفی لاکھو سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر لینڈ سے رابطہ کریں، جب محمد جواد خان سے فون پر رابطہ کیا تو موصوف ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بہت جلد تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائے گا۔







0 Comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔