کراچی ( ویب ڈیسک)بلدیاتی حکومتوں کو کوڑی کوڑی کا محتاج بنانے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، ایڈ منسٹریٹرز کی بلدیاتی اداروں پر اربوں کے واجبات چھوڑ کر جانے کی کوششیں دھری کے دھری رہ گئیں۔
ایڈ یشنل چیف سیکریٹری سندھ نے فنڈز کی عدم دستیابی کے باوجود کروڑوں کے ٹینڈرز طلب کئے جانے کا سختی سے نوٹس لے لیا،منتخب نمائندوں کے چارج سنبھالنے سے قبل ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کرنے پر پابندی عائد کردی گئی،بلدیہ ضلع شرقی کے حکام کو بڑا جھٹکا لگ گیا، 78 کروڑ لاگت کے طلب کئے گئے ٹینڈرز منسوخ ہونگے۔
کراچی سمیت سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں میں ترقیاتی فنڈز نہ ہونے کے باوجود کروڑوں لاگت کے ٹینڈرز طلب کئے جانے کا سندھ حکومت نے سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ضلعی بلدیاتی اداروں اور کونسلوں میں ہر قسم کی ٹینڈرز کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کے چار ج سنبھالنے سے قبل کسی قسم کے ٹینڈرز طلب نہ کئے جائیں اور اگر ٹینڈرز طلب کئے جاچکے ہیں تو انہیں فوری منسوخ کردیا جائے،واضح رہے کہ کراچی کے بلدیہ ضلع شرقی میں کچھ ماہ قبل ہی بغیر ٹینڈرز ڈائریکٹ کنٹریکٹ کے ذریعے حکام نے ایک ارب سے زائد کے ٹھیکے مبینہ طور پر من پسند کنٹریکٹرز میں تقسیم کئے تھے ۔
جن کی ادائیگیوں کیلئے ڈی ایم سی کے پاس فنڈز بھی موجود نہیں ہے جبکہ متعدد کنٹریکٹرز نے اس سلسلے میں عدالت عالیہ سے رجوع کررکھا ہے،تاہم اس کے باوجود ضلع شرقی حکام نے مزید 78 کروڑ لاگت کے کاموں کے ٹینڈر بھی طلب کرلئے ہیں جسے سینئر بلدیاتی افسران نے آنے والی منتخب بلدیاتی حکومتوں کو کوڑی کوڑی کا محتاج بنانے کا منصوبہ قرار دے رکھا ہے۔
مذکورہ ٹینڈرز کے حوالے سے سینئر کنٹریکٹرز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ڈی ایم سی افسران نے منظوری(سینکشن) کا کروڑوں کا کمیشن حاصل کرنے کیلئے یہ ٹینڈرز طلب کئے تھے جس میں انہیں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ نے اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کراچی سمیت سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں اور کونسلوں میں فنڈز کی عدم موجودگی کے باوجود ٹینڈرز طلب کئے جانے پرسختی سے پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع شرقی نے عید الفطر کے فوری بعد 26 اپریل کو 78کروڑ لاگت کے ٹینڈرز اوپن کرنے کی تاریخ مقرر کررکھی ہے جو کہ موجودہ احکامات کے بعد اب منسوخ ہوجائینگے۔
0 Comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔