پاکستان کے نامور اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ سعدیہ امام کی وجہ سے میری طلاق ہونے والی تھی، جس کے بعد میں نے ان کیساتھ کام کرنا بند کردیا، انہوں نے ممکنہ طلاق کی وجہ بننے والا ایک قصہ بھی سنادیا۔
اداکار شبیر جان نے یہ انکشاف ایک انٹرویو کے دوران کیا، جس میں ان سے پوچھا گیا کہ ایسی کوئی شخصیت ہے جس کیساتھ آپ آئندہ کام نہیں کرنا چاہتے۔
اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویسے تو ہم نے سب کیساتھ کام کیا، لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جو آپ کی زندگی کو زہر بنا دیتے ہیں۔
شبیر جان کسی کا بھی نام نہیں لینا چاہتے تھے لیکن میزبان کے بار بار اصرار کرنے پر انہوں نے اداکارہ سعدیہ امام کا نام لیا اور کہا کہ 2001 سے لیکر اب تک میں نے ان کیساتھ کام نہیں کیا، سب نے مجھے کہا ان کیساتھ کام کریں لیکن میں نے انکار کردیا اور کہا میں زندگی میں بہت کم فیصلے لیتا ہوں، جو فیصلے کرتا ہوں تو پیچھے نہیں ہٹتا۔
اداکار شبیر جان نے کہا کہ میری ترجیح میرا خاندان ہے، میری بیوی، میرے بچے، یہ سب میرے لیے بہت اہم ہیں، تو اس میں اگر کوئی دراڑ ڈالے گا تو میرے لیے قابلِ قبول نہیں ہوگا، اگر کوئی آپ کی زندگی میں مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کرے تو ایسے میں بس نہیں چلتا ورنہ ایسے لوگوں کو گڑھا کھود کر دفن کردینا چاہیے۔
میزبان نے پوچھا کہ اصل میں ہوا کیا تھا جس پر اداکار نے کہا کہ خاندان کے معاملات میں اس طرح کے واقعات ہوئے، ہمیں لگا کہ ہمارے گھریلو معاملات خراب ہوجائیں گے اور ہماری طلاق تک نوبت آجائے گی، جب اس طرح کے معاملات نظر آئے تو پھر میں نے رابطے منقطع کر دیے، میزبان نے ان کی بات پوری ہونے سے پہلے ہی یہ پوچھ لیا کہ آپ کا افیئر تو نہیں تھا، جس پر اداکار نے جواب دیا کہ بالکل نہیں۔
شبیر جان نے نام لیے بغیر اداکارہ سعدیہ امام سے متعلق کہا کہ افیئر کوئی بھی نہیں تھا، بس ہم اچھے کولیگ تھے اور اچھے کولیگ اچھے طریقے سے رہتے ہیں، انہوں نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک سیرئل کے لیے ہم سوات گئے ہوئے تھے، وہاں ایک ہوٹل کے کمرے میں بیٹے تھے، میری بیوی بھی موجود تھی۔
شبیر جان نے اداکارہ سعدیہ امام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا پھر وہ کمرے میں اندر آئیں اور سیدھا آکر میری بیوی کے سامنے مجھے گلے لگا لیا۔
میزبان نے پوچھا جنہوں نے آپ کو جھپی ماری تھی انہوں نے آپ کی بیوی کو نہیں دیکھا تھا، جس پر شبیر جان نے کہا کہ کیسے نہیں دیکھا، پہلے میری بیوی کو سلام کیا پھر میرے پاس آئی تھی، اس کو میرے علاوہ کچھ دکھتا نہیں تھا اور آج بھی نہیں دکھتا، جیسے ہی وہ مجھے گلے لگانے آئیں تو میں نے سوچا مر گئے۔
اداکار نے مزید کہا کہ بیویاں بیویاں ہوتی ہیں، ہم اگر کوئی تھوڑی سی الٹی سیدھی حرکت بھی کر رہے ہوتے ہیں تو ان کو بتاتے تھوڑی ہیں کہ میں نے یہ کیا ہے، ان کو یہ بتاتے ہیں کہ نہیں یار میں سب کیساتھ بڑا اچھا رہتا ہوں، مگر پھر اگر ایسا واقعہ بیوی کے سامنے ہو جائے تو ان کی نظر میں آپ کی عزت تو ختم ہوگئی ناں کہ آپ تو جھوٹ بولتے ہیں بکواس کرتے ہیں۔
شبیر جان نے کہا کہ اس واقعے کے بعد میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ اس کی وجہ سے آپ کو تکلیف ہوئی ہے ناں، میں آئندہ اس کیساتھ کام کبھی نہیں کروں گا۔