ہفتہ، 6 مئی، 2023

بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میں فیسٹیول کے دوران بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف

0 Comments
 







 کراچی : شہر قائد کے علاقے لیاری میں قائم بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ فیسٹیول کے دوران طلبا کو بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے نامناسب لباس اور غیر اخلاقی رقص بھی طالب علموں نے دیکھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری میں قائم بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ فیسٹیول کے دوران  بھارتی فلم “ہیرا پھیری” دکھائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اس دوران فلم میں شامل نامناسب مناظر و رقص بھی نشر کیا گیا جس کو آڈیٹوریم میں بیٹھے طلبا و طالبات نے دیکھا۔

بتایا گیا ہے کہ طلبہ کی کونسل نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے ذریعے 3 روزہ فوڈ فیسٹیول کی اجازت مانگی تھی اور تیسرے روز بھارتی فلم چلائی گئی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ سوائے ایک ٹیچر کے اس دوران متعلقہ شعبے سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ وہاں موجود ہی نہیں تھے جو اس فلم کو رکواتے جبکہ وہاں موجود ایک ٹیچر فلم رکوانے کے بجائے اپنے موبائل فون سے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔

ادھر دوسری جانب اس معاملے پر یونیورسٹی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی گئی اور یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر سراج میمن کے بارے میں رائے دی گئی کہ یہ سب ان کے یونیورسٹی نہ آنے کی وجہ سے ہورہا ہے اور یونیورسٹی تباہ ہورہی ہے۔

لیاری یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ ایونٹ یونیورسٹی انتظامیہ کی بغیر کسی پیشگی اجازت کے منعقد ہوا جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے، فیسٹیول منعقد کرنے کے لیے آرگنائزرز کی جانب سے مروجہ قوانین پر عمل نہیں کیا گیا اور نہ ہی یونیورسٹی کوڈ آف کنڈکٹ کا احترام کیا گیا تاہم معلوم ہونے پر اس فیسٹیول کو فوری طور پر رکوادیا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرگنائزر کی جانب سے اس سلسلے میں جامعہ کے قوانین کی سخت خلاف ورزی کی گئی جس کے سبب  معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آرگنائزر کو طلب کیا گیا ہے اور اب ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

انتظامیہ نے واضح کیا کہ یونیورسٹی اس طرح کی بری مثال کی کسی صورت بھی کیمپس میں اجازت  نہیں دے سکتی۔

واضح رہے کہ لیاری یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے مستقل سربراہ ہیں جس کے سبب وہ لیاری یونیورسٹی میں ہفتے میں ایک روز چند گھنٹے ہی دے پاتے ہیں تاہم وہ مختلف معاملات میں بروقت ایکشن لینے کے حوالے سے بھی معروف ہیں۔ ایک روز قبل ہی ان کی جانب سے ایک ایسی ویڈیو پر فوری کارروائی کرائی گئی تھی جس میں طلبہ کے بیت الخلا کو ناگفتہ باحالت میں دکھایا گیا تھا تاہم متعلقہ افراد کی جانب سے اگلے ہی روز کارروائی کرتے ہوئے ان واش رومز کو قابل استعمال بنادیا گیا تھا۔


0 Comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔