اتوار، 23 اپریل، 2023

حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو قوم سڑکوں پر نکلے گی، عمران خان

0 Comments

 











لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا۔


زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے  عمران خان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی، اگر ایسا ہوا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا ، عوام کو تیار کرنے کے لیے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں۔


عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، حقیقی آزادی کی جنگ سب کو قانون کے تابع لانے کیلیے ہے، آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ انصاف اور حقوق دینے سے معاشرہ آزاد ہوتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ غلامی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے مانگنے نہیں آیا مجبوری ہے، یہ غلامی کی بدترین مثال ہے، یہ غلام ذہینت کے لوگ اور صرف اپنے پیسے کے غلام ہیں۔


عمران خان نے کہا کہ بڑے چوروں کو نہ پکڑا جائے تو قوم زوال پزیر ہوجاتی ہے، میں چوروں کو نہ پکڑ سکا کیونکہ ساری طاقت باجوہ کے پاس تھی، جنرل (ر) باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتا تھا۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کیلیے انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں انصاف کا نظام لانا ہے، اہلکار آکر ہمارے بے گناہ کارکنوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں، یہ ظلم اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔


قبل ازیں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخوا ریجنل صدور کا اجلاس ہوا، جس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل اسد عمر اور شبلی فراز، ڈاکٹر یاسمین راشد، عون عباس ببی اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما شریک ہوئے۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں انتخابی مہم کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ اجلاس میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے بڑے جلسوں میں چیئرمین تحریک انصاف کی موجودگی پر بھی مشاورت کی گئی۔


اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے التوا کی حکومتی کوششوں پر مشاورت کی گئی جبکہ امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد کارکنوں کے احتجاج پر بھی مشاورت کی گئی۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے چودہ مئی کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی مہم شروع کی جائے، انتخابات اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے مقررکردہ تاریخ پر منعقد ہوں گے۔ تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز گھر گھر انتخابی مہم کا آغاز کردیں۔


انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے جائزہ کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا، قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملکی مسائل کا واحد حل فوری منصفانہ انتخابات ہیں۔

0 Comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔